گلبرگہ 8؍ اگست ( پریس ریلیز)ملت کی قیادت کرنے کے نام نہاد دعویداروں پر زبردست چوٹ کرتے ہوئے ممتاز قومی و ملی رہنما ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام بانی رکن آل انڈیا ملی کونسل سابق وزیر حکومت کرناٹک نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ملت کی قیادت کا موقع فراہم نہیں کرتا جو غیروں کی قیادت اور ان کی ذہنی غلامی کو قبول کرتے ہیں۔ الحاج قمرالاسلام میٹرو فنکشن پیالیس رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقدہ ملی کونسل ضلع گلبرگہ کے مشاورتی اجلاس کو مخاطب کررہے تھے ۔ یہ اجلاس ان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں 27اگست کو منعقد شدنی آل انڈیا ملی کونسل کی قومی عاملہ کے اجلاس اور جلسہ عام کے انتظامات کوقطعیت دی گئی ۔ الحاج قمرالاسلام نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت اور آل انڈیا ملی کونسل کو مسلمانوں کی نمائندہ ملی تنظیمیں قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ تنظیمیں شریعت اسلامیہ اور مسلمانوں کے ملی تشخص کے تحفظ ، بازیابی بابری مسجد اور مسلمانوں کے حق میں پریشربِلڈ اپ کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں ۔الحاج قمرالاسلام نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت اور آل انڈیا ملی کونسل کے قیام کے حالات اور ملت اسلامیہ کے لئے ان تنظیموں کے قائدین کی گراں قدر خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی سیاسی زندگی کے آغاز کے ساتھ ہی ان تنظیموں سے وابستہ رہے ہیں ۔ ان کی ذہن سازی اور تربیت میں ان تنظیموں کے قائدین کا بڑا ہاتھ رہا ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید کہاکہ ملت یونہی کسی کو اپنا قائد تسلیم نہیں کرتی ، بلکہ ملت کی قیادت کرنے کے لئے ملی فکر کا ہونا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کے اپنے ایجنڈے اور منی فیسٹو ہوتے ہیں لیکن ملی قائد کی حیثیت سے ہمیں ملت کے ایجنڈہ کو ترجیح دینی ہوگی ۔
گلبرگہ کے ممتاز عالم دین مولانا صادق بن آدم خطیب و امام مسجد آمینہ حسین گارڈن گلبرگہ نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو گجرات میں تبدیل کرنے کا آر ایس ایس اور بی جے پی کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ مولانا صادق بن آدم نے مزید کہاکہ گجرات ماڈل ناکام ہوچکاہے اور ملک مین امن ویکجہتی کی فضاء قائم کرنے کا پیغام آل انڈیا ملی کونسل کی قومی عاملہ کے اجلاس کے ذریعہ گلبرگہ سے جائے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام صاحب کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اللہ نے اُنہیں اپنی قیادت کو منوانے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ آل انڈیا ملی کونسل کی قومی عاملہ کے گلبرگہ میں اجلاس کے بعد ملک بھر میں قائد محترم الحاج قمرالاسلام کی بڑی نیک نامی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ قمرالاسلام کی قیادت ملت سے قائم ہے نہ کہ وزارت سے ۔